لاہور (سٹاف رپورٹر) وکیل رمشا اقبال نے کہا ہے کہ 26 مزید خواتین جن میں اداکارائیں بھی شامل ہیں ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے سامنے آئی ہیں اور وہ مقدمات چلائیں گی۔
اداکارہ مومنہ اقبال کی وکیل بہن رمشا اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 26 مزید خواتین نے ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے آگے آنے کا اعلان کیا ہے۔
رمشا نے کہا کہ وہ میڈیا کے ذریعے خود اور اپنے خاندان کی بدنامی کی کوششوں اور مسلسل دباؤ کا سامنا کرنے کے بعد شواہد پیش کرنے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُن کی سابقہ پریس کانفرنس میں پیش کیے گئے دستاویزات کی ’’مصدقہ کاپیاں‘‘ تھیں۔
اُنہوں نے اُن لوگوں پر بھی سوالات اٹھائے جنہوں نے اُن کے خلاف الزامات لگائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب بار اور دیگر متعلقہ فورموں نے اُن کے خلاف دائر شکایات پر اُن کے حق میں فیصلے دیے۔
رمشا نے یہ الزام بھی لگایا کہ اُن کے مخالفین نے بارہا اُنہیں ذلیل کرنے کی کوشش کی مگر خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی اُن کے دعوے ہائیکورٹ میں ثابت کیے گئے۔
پریس کانفرنس کے دوران رمشا نے اُن لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اُن کی حمایت کی اور کہا کہ کوئی خاتون اِس دباؤ کو برداشت نہ کرے۔




