ویب ڈیسک، قطر کی وزارت داخلہ نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت دوبارہ بحال کر دی ہے اور اپنی سرکاری ویب سائٹ پر وہ شرائط جاری کی ہیں جن کے تحت پاکستانی 30 دن تک مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکیں گے۔
قطر کی وزارت داخلہ کے ماتحت پاسپورٹس اور سرحدی امور سے متعلق محکمے کی ویب سائٹ کے اعلان کے مطابق پاکستانی شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں قطر پہنچ کر آمد پر 30 روز تک کا مفت سیاحتی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
سرکاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس سہولت کے لیے مسافر کا پاسپورٹ کم از کم 3 ماہ کے لیے کارآمد ہونا چاہیے اور سفر کے لیے تصدیق شدہ واپسی یا آگے جانے کا فضائی ٹکٹ درکار ہوگا۔
مزید برآں، ہوٹل کی بکیگ لازمی طور پر ’ڈسکور قطر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے کرائی جائے اور کم از کم ایک ماہ کی ہیلتھ انشورنس حاصل کرنا ضروری ہے۔ وزارت خارجہ پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ہدایات کے مطابق انشورنس کی قیمت 50 قطری ریال بتائی گئی ہے، جو تقریباً 3800 پاکستانی روپے کے مساوی ہے، اور کیو آئی سی اور کیو ایل ایم کو ترجیحی طور پر بتایا گیا ہے۔
اہم دستاویزات مکمل ہونے پر مسافر کو رجسٹرڈ ای میل پر رسید اور انشورنس سرٹیفکیٹ موصول ہوں گے جنہیں سفر کے دوران ساتھ رکھنا ہوگا۔ دوحہ پہنچنے پر حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود ’ڈسکور قطر‘ ڈیسک سے رجوع کر کے کاغذات پر مہر لگوانی ہو گی، اس کے بعد امیگریشن کاؤنٹر پر آنکھوں کی اسکیننگ اور بائیومیٹرک مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
یہ اقدام اس کے بعد سامنے آیا ہے کہ مارچ میں پاکستانی سفارت خانے نے عارضی طور پر ویزا آن ارائیول کی سہولت معطل ہونے کی اطلاع دی تھی اور مسافروں کو پیشگی ویزا حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اب قطر کی سرکاری ویب سائٹ پر پاکستان کو دوبارہ ان ممالک کی فہرست میں شامل دکھایا گیا ہے جو مخصوص شرائط پوری کرنے پر آمد پر مفت سیاحتی ویزے کے اہل ہیں۔




