پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ ( این سی سی پی ایل) میں اضافی حصہ لینے کے لیے گفت و شنید کر رہا ہے۔
پی ایس ایکس نے7 اگست 2026ء کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ وہ سکیورٹیز اینڈ ایسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی حالیہ ریگولیشنوں کے بعد این سی سی پی ایل کے موجودہ شیئر ہولڈروں سے اضافی حصص خریدنے پر ابتدائی گفت و شنید کر رہا ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ گفت و شنید ابتدائی مرحلے میں ہے اور ابھی تک کسی معاہدے یا لین دین کا فیصلہ یا حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ پی ایس ایکس نے کہا کہ کوئی بھی حتمی معاہدہ یا کوئی بھی اہم پیش رفت متعلقہ ضوابط کے مطابق بروقت ظاہر کر دی جائے گی۔
این سی سی پی ایل پاکستان کے سرمائے کے بازار کی تین بنیادی اداروں میں سے ایک ہے جن میں پی ایس ایک اور سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) بھی شامل ہیں۔ این سی سی پی ایل سٹاک مارکیٹ کے لین دین کی کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ، کاؤنٹر پارٹی رسک کا انتظام اور نیشنل کلیئرنگ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹم (این سی سی ایس) کے آپریشنوں کی ذمہ دار کمپنی ہے۔ کمپنی جولائی 2001ء میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کیپیٹل مارکیٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت قائم ہوئی تھی تاکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینجز کے الگ الگ کلیئرنگ ہاؤسز کو ایک مرکزی نظام میں تبدیل کیا جا سکے۔
این سی سی پی ایل کی ویب سائٹ کے مطابق فی الحال پی ایس ایک کا حصہ 49.71 فیصد ہے۔ پی ایس ایکس کی جانب سے دیے گئے اس نوٹس کے بعد کسی بھی ممکنہ سرمایہ کاری یا حصص کی منتقلی کے بارے میں باقاعدہ اعلان متعلقہ ریگولیٹری تقاضوں کے تحت جاری کیا جائے گا۔




