17 اگست 2026(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) نے جلنے، خراب یا مختلف وجوہات کی بنا پر ہٹائے گئے بجلی کے میٹرز کی جگہ پر پرانے روایتی میٹرز دوبارہ نصب کرنا شروع کر دیے ہیں۔ کمپنی نے سنگل فیز اور تھری فیز میٹرز کے لیبارٹری رپورٹس حاصل کیے ہیں اور لیب میں درست قرار پانے والے میٹرز کو خراب کوڈ والے میٹرز کی جگہ لگایا جا رہا ہے۔
لیسکو نے متعلقہ تمام دفاتر میں ضائع ہونے، جلنے یا خرا ب ہونے والے میٹرز کی جگہ پر پرانے کنونشنل میٹرز لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق سنگل فیز اور تھری فیز میٹرز کی لیبارٹری رپورٹس پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں جو نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ کیسز میں ہٹائے گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیب رپورٹس میں جو میٹرز قابل عمل قرار پائے انہیں ‘ڈیفیکٹو کوڈ’ والے میٹرز کی جگہ نصب کیا جا رہا ہے۔ اس عمل کو تمام متعلقہ لیسکو دفاتر میں نافذ کیا جا رہا ہے اور جلنے یا نقصان سے متاثرہ میٹرز کی تبدیلی جاری ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ قومی ریگولیٹر (نیپرا) کے قوائد کے تحت جل جانے والے میٹرز صارفین سے اضافی معاوضہ لیے بغیر تبدیل کیے جائیں گے تاہم پروپاکستانی کی رپورٹ کے مطابق اے ایم آئی اسمارٹ میٹرز کی خریداری کے لیے بجٹ کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے فی الحال لیسکو روایتی پرانے میٹر استعمال کر رہا ہے۔
لیسکو کا کہنا ہے کہ میٹر کی تنصیب اور تبدیلی کا عمل دفتر کی سطح پر جاری ہے جبکہ نیٹ میٹرنگ اور نیٹ بلنگ سے متعلقہ کیسز میں آگے کی کارروائی دستیاب رپورٹس کی بنیاد پر کی جائے گی۔




