استنبول (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے استنبول میں ترک ہم منصب مصطفی چفتچی سے ملاقات کے دوران دہشت گردی، منشیات سمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے اور مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جمعہ کو سرکاری دورے پر استنبول پہنچے اور ترک وزارت داخلہ میں اپنے ہم منصب مصطفی چفتچی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے داخلہ وزرائے نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے باہمی معاہدے پر دستخط کیے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں وزارتیں سائبر پولنگ، اینٹی نارکوٹکس فورس اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر متفق ہوئیں۔ فریقین نے تکنیکی معاونت، ماہرین کے تبادلوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دو طرفہ تعاون کو منظم انداز سے آگے بڑھانے کے لیے ایک “جوائنٹ ورکنگ گروپ” قائم کیا جائے گا جو دونوں داخلہ وزارتوں کے درمیان مربوط رابطہ اور پالیسی اشتراک کی نگرانی کرے گا۔
ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سے ترکی آنے والی غیرقانونی ہجرت کی شرح 70% سے کم ہو کر 17% تک پہنچ گئی ہے اور انہوں نے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے اپنے دورے میں غیرقانونی ہجرت کے خلاف کاروائیوں کی تفصیلات ترک ہم منصب کو بتائیں۔
ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں نے انسداد دہشت گردی اور سرحدی نگرانی کے شعبوں میں مشترکہ تربیتی پروگرامز اور معلومات کے تبادلے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے کہا کہ طے شدہ معاہدے اور ورکنگ گروپ کے ذریعے باہمی تعاون سے خطے میں سلامتی اور قانون کے نفاذ کے عمل کو مضبوط کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی۔



