جنوبی افریقہ میں منڈی بہاؤالدین کے دو سگے بھائیوں سمیت چار نوجوان فائرنگ سے جاں بحق
کیپ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے منڈی بہاؤالدین کے چار نوجوان شہید ہو گئے، جن میں ساجد اور ظفر احمد سگے بھائی شامل ہیں؛ پولیس تفتیش جاری، کمیونٹی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہی ہے۔

کیپ ٹاؤن (مانیٹرنگ ڈیسک) روزنامہ پاکستان کے مطابق جنوبی افریقہ کے کیپ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد نے دکان بند کر کے گاڑی میں گھر جاتے ہوئے منڈی بہاؤالدین کے دو سگے بھائیوں سمیت چار نوجوانوں کو گھات لگا کر قتل کر دیا۔
واقعے میں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں میں ساجد احمد اور ظفر احمد سگے بھائی تھے جن کا تعلق منڈی بہاؤالدین کے نزدیکی گاؤں بلہڑ سے تھا۔ خبروں کے مطابق حملہ آور گھات لگائے بیٹھے تھے اور جیسے ہی اِن چاروں کی گاڑی اُن کے پاس پہنچی، اُنہوں نے گاڑی پر اندھا دُھند فائرنگ کی جس سے چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
کیپ ٹائون پولیس نامعلوم مجرموں کو ڈھونڈنے کے ساتھ اُن کے قتل کے محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے تاہم قتل کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہو سکیں۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ بظاہر منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جبکہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور وقوعہ کے اِرد گرد رہنے والوں سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
پاکستانی کمیونٹی اور مقتولین کے اہلِ خانہ نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

