پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا پولیس نے پاکستان کا پہلا ’’اَن مین وہیکل‘‘ (یو اے وی) ڈویژن قائم کر دیا۔
اِس ڈویژن کے تحت خیبر پختونخوا پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کی نگرانی بہتر بنانے کے لیے ڈرون اور اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا ہے۔
خیبر پختونخوا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں دونوں ٹیکنالوجیوں کو براہ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے بھی منسلک کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں دہشت گردی پر قابو پایا جا سکے۔
پولیس نئے نظام کے ذریعے مشکوک ڈرونوں کی نقل و حرکت، ٹریفک کی صورتحال اور دہشت گردی سے متعلق ممکنہ سکیورٹی خطرات کی نگرانی بھی کر سکے گی۔
اِسی نظام کے تحت کسی مشکوک ڈرون کے نگرانی والے علاقے میں داخل ہونے پر متعلقہ حکام کو خودکار الرٹ بھی موصول ہو گا۔
سینٹرل پولیس آفس کے ترجمان کے مطابق، اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی ریڈار کے ذریعے مخصوص علاقے میں ڈرونز کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی۔ پشاور میں نصب ہر اینٹی ڈرون سسٹم پانچ کلومیٹر کی حدود میں نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہوگا اور جیسے ہی کوئی مشکوک ڈرون اس علاقے میں داخل ہوگا، نظام فوری طور پر سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم کو اطلاع دے گا۔
اِس ڈویژن سے پولیس کو ممکنہ خطرے کا جائزہ لینے اور بروقت کارروائی کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ٹیکنالوجی حساس تنصیبات، ٹریفک کی صورتحال اور جرائم کی سرگرمیوں کی چوبیس گھنٹے فضائی نگرانی کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔




