لاہور کی خصوصی اینٹی ریپ کورٹ نے محمد فاروق کو بیوی کے ساتھ غیر فطری جماع کے جرم میں 10 سال قید بامشقت، 50 ہزار روپے جرمانہ اور تین لاکھ روپے معاوضے کی سزا سنائی۔
لاہور کی اینٹی ریپ کورٹ کے معزز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفریاب چدھڑ نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجرم محمد فاروق کو 10 سال قید بامشقت کاٹے گا جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت اُسے سزا کو مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ ملزم معاوضے کے طور پر تین لاکھ روپے معاوضہ اپنی سابقہ بیوی کو ادا کرے۔
عدالت نے سزا کی کاپی کوٹ لکھپت جیل لاہور کے سپرنٹنڈنٹ کو ارسال کرنے اور سزا مکمل ہونے تک ملزم کو جیل میں رکھنے کا حکم دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے فیصلہ میں یہ واضح کیا کہ ٹرائل کے دوران جیل میں گزارا گیا وقت سزا میں سے منہا کیا جائے گا۔
غیر فطری جماع کا یہ مقدمہ مئی 2025ء میں تھانہ کاہنہ میں ملزم کے سابق سُسر کی مدعیت میں درج ہوا تھا۔ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں مدعی نے بتایا تھا کہ اُن کی بیٹی کی شادی 23 فروری 2025ء کو محمد فاروق سے ہوئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم نشہ کرتا اور جنسی ادویات استعمال کرتا تھا اور شادی کی پہلی رات سے ہی اپنی بیوی کے ساتھ ’’غیر فطری جماع‘‘ شروع کر دیا۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ بیوی کے منع کرنے کے باوجود ملزم ڈرا دھمکا کر یہ فعل بار بار دہراتا رہا جس سے متاثرہ خاتون کی طبیعت بگڑ گئی، اُسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی بڑی آنت پھٹ گئی اور فاضلہ مقعد کی بجائے اندام نہانی سے خارج ہونے لگا۔ متاثرہ خاتون کو جنرل ہسپتال لاہور میں آپریشن کرانا پڑا۔
واضح رہے کہ ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 لگائی گئی جس کے تحت کم از کم سزا 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 25 سال قید ہے اور اگر یہی جُرم ایک سے زائد لوگ مل کر کریں تو عمر قید یا سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔
یہ مقدمہ انویسٹی گیشن اینڈ ٹرائل ایکٹ 2021ء کے تحت قائم اینٹی ریپ کورٹ میں چلایا گیا۔ ملک بھر کے کم و بیش تمام اضلاع میں یہ خصوصی عدالتیں قائم ہیں جبکہ متاثرین کی شناخت خفیہ رکھنے، محفوظ پناہ گاہ اور ویڈیو لنک کے ذریعے گواہی جیسے تحفظات فراہم کیے جاتے ہیں۔ لاہور میں خواتین کے لیے اینٹی ریپ کرائسز سیل بھی سرکاری ہسپتالوں میں فعال ہیں۔ واضح رہے کہ مقدمے کے نتیجے میں مجرم اور متاثرہ خاتون کے درمیان طلاق پہلے ہی ہو چکی ہے۔




