لاہور میں یومِ آزادی 2026ء کے سلسلے میں 9 اگست سے 23 اگست تک مختلف طرح کی تقریبات کا حتمی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس میں سائیکل اور موٹر سائیکل ریلیاں، کھیلوں کے مقابلے، لیزر شو، میگا کنسرٹ اور آتش بازی شامل ہیں۔
لاہور میں یومِ آزادی 2026ء کی تقریبات 9 اگست سے سائیکل ریلی سے شروع ہو کی ہیں جبکہ 23 اگست تک پورے شہر میں مختلف طرح کی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق مختلف پروگراموں میں ریلیوں کے علاوہ کھیلوں کے مقابلے، موسیقی کے پروگرام اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔
شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ڈیفنس میں موٹر سائیکل ریلی منعقد ہوگی جبکہ 11 اگست کو نِشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کراٹے ٹورنامنٹ رکھا گیا ہے۔ اِسی دوران دیگر مقابلوں میں ریسلنگ اور پاور لفٹنگ کے مقابلے بھی ہوں گے۔
شہر بھر کو یومِ آزادی کے موقع پر روشنیوں سے منور کرنے کے علاوہ ٹاؤن ہال پر خصوصی لیزر شو پیش کیا جائے گا جبکہ لبرٹی چوک پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جہاں 13 اگست کی رات کو میگا کنسرٹ اور شاندار آتش بازی دکھائی جائے گی۔
14 اگست کو قومی سکواش چیمپئن شپ کا انعقاد متوقع ہے جبکہ اسی دن حضوری باغ میں ایک شاندار پرچم کشائی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
سرکاری اور نجی سطح پر شہر کی سڑکوں اور داخلی و خارجی راستوں کو سبز ہلالی پرچموں اور بجلی کی لائٹس سے سجایا جائے گا۔ لبرٹی چوک اور دیگر مرکزی مقامات پر خصوصی لائٹنگ اور سجاوٹ کے انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ یومِ آزادی کا تہوار پُررونق انداز میں منایا جا سکے۔
آخر میں 23 اگست کو ایک ’’دنگل ایونٹ‘‘ کے ذریعے تقریبات کا اختتام متوقع ہے۔ تمام پروگراموں کی بروقت رہنمائی اور عوامی حفاظت کے انتظامات کے حوالے سے مزید تفصیلات متعلقہ حکام کی جاری کردہ ہدایات میں متعین کی جائیں گی۔




