پنجاب گڈ گورننس، ترقی اور کامیابی کا علمبردار ہے، مریم نواز

لاہور میں لیڈی ریکروٹ کلاس 18 کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے 1156 خواتین کی شمولیت اور پنجاب میں 6 ہزار سے زائد خواتین پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹریننگ کالج میں لیڈی ریکروٹ کلاس 18 کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب گڈ گورننس، ترقی اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب میں کہا کہ “پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں خواتین حکومت، پولیس، کمشنرز، ڈی پی اوز اور وزیر اعلیٰ کے عہدے پر موجود ہیں، اِس بیچ میں شامل 1156 خواتین نے تربیت مکمل کی جبکہ صوبائی پولیس میں اِسوقت چھ ہزار سے زائد خواتین خدمات انجام دے رہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جب ملک کی 51 فیصد آبادی ترقی کے عمل میں اپنا حصہ ڈال رہی ہو تو اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

مریم نواز نے بیٹیوں کی ہمت اور تربیت کی تعریف کی اور کہا کہ پنجاب کی بیٹیوں کی یہ ہمت دیکھ کر آپ کی وزیر اعلیٰ آپ پر بے حد فخر محسوس کرتی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹریننگ کالج کا تیسرا دورہ ہے اور جب بھی وہ آئیں تو یہ لمحات اُن کے لیے رونگٹے کھڑے کرنے والے ہوتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ریکروٹس کے والدین، رشتہ داروں اور خاندانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ جتنی لائق بیٹیاں ہیں اتنے ہی عظیم وہ والدین ہیں جنہوں نے معاشرتی رسومات کی پروا کیے بغیر انہیں ملک کی خدمت کے لیے بھیجا۔ اُنہوں نے والدین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ والدین نے ملک کے لیے عظیم خدمت سرانجام دی ہے جس کا وطن ہمیشہ قرض دار رہے گا۔

مریم نواز نے بیٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تین ’’چین آف کمانڈز‘‘ یعنی ’’ہمیشہ یونیفارم، والدین اور ڈیوٹی کا مان رکھنا‘‘۔ اُنہوں نے زور دیا کہ جو یونیفارم آپ نے پہنی ہے، یہی سے آپ کی اصل ذمہ داری کا آغاز ہوتا ہے اور یونیفارم ایک بہت بڑی ذمہ داری اور قرض ہے جسے ’’ایمانداری، محنت اور انصاف سے لوٹانا‘‘ ہے۔

وزیراعلیٰ نے اِس بیچ کو پنجاب کی تاریخ میں خواتین کا سب سے بڑا بیچ قرار دیتے ہوئے اپنی ذاتی بات بھی شیئر کی کہ اگرچہ اُنہوں نے یونیفارم نہیں پہنی مگر اُنہیں ہر لمحہ اُس کے وقار اور قدسیت کا احساس رہتا ہے۔

Avatar photo
Project Lamha
Articles: 1515