وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں چند کھادیں، کیمیکلز اور مخصوص پاؤڈرز کو عوامی حفاظت کے مفاد میں اور نئی سکیورٹی پابندیوں کے تحت ممنوعہ اشیاء میں شامل کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق اِن مادّوں تک رسائی کے لیے نادرا بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی اور ذخیرہ و ہینڈلنگ کی سخت نگرانی کی جائے گی۔
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارتِ داخلہ نے ایک سرکاری نوٹیفییشن کے ذریعے چند کھادیں، تیزاب اور مخصوص پاؤڈرز کو ممنوع اشیاء کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ایک ‘خفیہ رپورٹ’ کے بعد متعارف کرائے گئے جس میں اِن مادّوں کی وہ صلاحیت بیان کی گئی تھی جن کے ذریعے غیرقانونی دھماکہ خیز سرگرمیاں ممکن ہو سکتی ہیں۔ مذکورہ اشیاء تک رسائی کے لیے نادرا بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ ممنوع مادّوں کی ذخیرہ اندوزی، رکھ رکھاؤ اور ہینڈلنگ کی کڑی نگرانی کریں تاکہ غیرقانونی استعمال کو روکا جا سکے۔ علاوہ ازیں اگر کوئی ممنوع اشیاء گم یا چوری ہو جائے تو متعلقہ ادارہ یا ذمے دار فریق کو 24 گھنٹوں کے اندر مطلع کرنا لازم ہو گا۔
سرکاری نوٹیفکیشن میں یہ واضح تنبیہ بھی شامل کی گئی ہے کہ فہرست شدہ کھادوں، تیزابوں اور پاؤڈرز کا غیر قانونی ذخیرہ یا استعمال جرم تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں مذکور مخصوص اشیاء کی تفصیلات یا پابندیوں کے نفاذ کا شیڈول دستاویز میں شامل ہے تاہم سرکاری پیغام میں اَن اشیاء کی فہرست کو ‘محدود’ اور حفاظت کے حوالہ سے ضروری قرار دیا گیا ہے۔




