اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان کو قرض لینے والے ممالک کے گروپ بورؤورز کی گورننگ کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے کہا ہے کہ وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بینکاک میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس کے دوران چیئرمین شپ قبول کی۔
پاکستان کی قرض لینے والے ممالک کےگروپ بورؤورز کی گورننگ کونسل کے چیئرمین کی تقرری کی اطلاع وزارتِ خزانہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری تفصیلات میں دی۔
وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے گورننگ کونسل کی چیئرمین شپ قبول کرتے ہوئے کہا کہ پلیٹ فارم کو ‘مل کر سیکھنے’ اور ‘تکنیکی تعاون’ کے فروغ کا ذریعہ بننا چاہیے اور قرض کو ترقی کے راستے میں رکاوٹ کے بجائے ترقی کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے، وزارتِ خزانہ نے مزید بتایا کہ اورنگزیب نے پلیٹ فارم کے لیے پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کیں۔
اقوامِ متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی پریس ریلیزمیں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینکوں کے گورنرز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نئے رکن ممالک سے خطاب کیا۔ ادارے نے کہا کہ ‘باروؤرز پلیٹ فارم’ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں اور مالیاتی مسائل پر ایک دوسرے سے سیکھنے، تجربات کے تبادلے اور تکنیکی تعاون کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
یو این سی ٹی اے ڈی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک 31 ترقی پذیر ممالک با ضابطہ طور پر اس پلیٹ فارم میں شامل ہو چکے ہیں اور کئی دیگر ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ادارے نے کہا ہے کہ یہ فورم رکن ممالک کو قرض کے بہتر انتظام، پالیسیوں کے تبادلے اور ترقیاتی مالیات کے نئے طریقے تلاش کرنے میں مدد دینے کے لیے بنایا گیا ہے، نہ کہ اجتماعی سودے بازی کے لیے اکٹھا کرنا۔
بی بی سی اردو کے مضمون کے مطابق یہ پلیٹ فارم 15 اپریل 2026 کو واشنگٹن ڈی سی میں لانچ ہوا تھا اور شروع میں مصر کو عبوری چیئرمین اور پاکستان کو نائب چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ وزارتِ خزانہ کے بیان کے مطابق پاکستان کی حالیہ چیئرمین شپ پلیٹ فارم میں ملک کی شمولیت اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر بات چیت میں فعال کردار کی طرف اشارہ کرتی ہے۔




