بیجنگ (مانیٹرنگ ڈسک) جونیئر ایشیاء کپ 2026ء کے اہم میچ میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیاء کو چار۔دو سے ہرا کر کانسی (برونز) کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
پہلے ہاف میں ملائیشیئن ٹیم نے گرین شرٹس کے خلاف دو گول کر دیے، میچ کا پہلا گول 11ویں منٹ میں آدم اشرف جوہری نے کیا جس سے ملائیشیاء کو برتری حاصل ہو گئی، دو منٹ بعد ہی یعنی 13ویں منٹ میں شفیق عمار فہمی نے پینلٹی کارنر پر گول کر کے برتری دو۔صفر کر دی۔
ایک وقت میں ایسا لگنے لگا کہ پاکستان یہ میچ ہار جائے گا لیکن کھلاڑیوں نے دباؤ میں آئے بغیر بعد ازاں مسلسل چار گول کیے جس سے میچ کا پانسا پلٹ گیا۔ چین کے موچی ٹریننگ بیس میں کھیلے گئے اِس سنسنی خیز میچ میں گرین شرٹس نے ہاف ٹائم کے بعد جارحانہ انداز اپنایا، رانا عبدالسامی نے 34ویں اور 47ویں منٹ میں دو خوبصورت فیلڈ گول کر کے مقابلہ دو، دو سے برابر کر دیا۔ باقی کے دو گول پاکستانی کھلاڑیوں نے اِس کے بعد کیے، محمد شاہیر نے 52ویں منٹ میں ایک پینلٹی کارنر کو گول میں بدلا جبکہ 56ویں منٹ میں ولید رانا نے ایک پینلٹی سٹروک کے ذریعے چوتھا گول کر کے پاکستان کی پوزیشن مظبوط کر دی
اِس کے بعد ملائیشیاء کی ٹیم کوئی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے پاکستان نے یہ میچ جیت لیا۔




