کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج نے آئی بی اے کراچی کے فنانس طلبہ کے لیے سرمایہ کاری آگاہی سیشن کا انعقاد کیا جس میں سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی اہمیت اور پی ایس ایکس کے ملکی معیشت میں کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
سیشن کا بنیادی مقصد شرکاء کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے فوائد، خطرات اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کے بارے میں معلومات فراہم کرنا بتایا گیا۔
پروگرام میں پی ایس ایکس کے نمائندوں نے سٹاک مارکیٹ کی بنیادی باتیں، مارکیٹ کے ذریعے ملک کی معیشت میں سرمایہ کاری کے اضافے کے اثرات اور دانشمندانہ سرمایہ کاری کے اصولوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سیشن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ باخبر سرمایہ کاری افراد اور اداروں کے ذریعے ملک میں مالی شمولیت میں اضافہ ممکن ہے۔
پی ایس ایکس کی جانب سے طلبہ کو عملی رہنمائی اور سوال و جواب کے مواقع بھی دیے گئے تاکہ نوجوان مستقبل میں سرمایہ کاری کے فیصلے بہتر انداز سے کر سکیں۔ اسی میں طلبہ کو مالیاتی مارکیٹ کے بارے میں شعور بڑھانے اور معاشی کردار کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی کوشش کی گئی۔




