مشہور فٹ بالر رونالڈو کا سعودی کلب النصر گہرے مالی بحران کا شکار

Arriyadiyah کی رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ النصر کے $213 ملین سے زائد قرضے کے تدارک کے لیے انتظامی اختیارات محدود کرنے، آزاد فرمیں مقرر کرنے اور ممکنہ جزوی خریداری پر غور کر رہا ہے۔

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے زیرِ ملکیت چلنے والا النصر فٹبال کلب 213 ملین ڈالر سے زائد قرض کے باعث مالی بحران کا شکار ہے جس کے تدارک کے لیے وہ فوری پر تین نکاتی اقدامات اُٹھا رہا ہے۔

تفصیلات لے مطابق عرب میڈیا نے پی آئی ایف کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فنڈ کلب کی مالی صورتِحال کو از سرِ نو مستحکم کرنے کے لیے تین اہم راستے اختیار کرنے جا رہا ہے۔ پہلے قدم میں کلب کمپنی کی ایگزیکٹو انتظامیہ کے مالی اختیارات محدود کیے جائیں گے تاکہ غیر ضروری خرچوں اور اَن دیکھے مالی معاملات پر قابو پایا جا سکے۔

دوسرے مرحلے میں آزاد مالیاتی اور قانونی فرموں کو بھرتی کیا جائے گا تاکہ کمرشل ریونیو بڑھانے، اخراجات کو مربوط کرنے اور طویل مدتی مالی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشاورتی عمل شروع کیا جائے۔

تیسرے راستے کے طور پر پی آئی ایف ممکنہ خریداروں کی طرف سے آئندہ سرمایہ کاری کی پیشکشوں پر غور کرے گا۔ ایک ذریعےکا کہنا تھا کہ پی آئی ایف کے پاس اِسوقت دو سنجیدہ پیشکشیں زیرِ غور ہیں تاہم فنڈ مکمل فروخت کے بجائے جزوی فروخت کو ترجیح دے رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پی آئی ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ کلب کی انتظامیہ کسی بھی کھلاڑی یا کوچ کے ساتھ اُسوقت تک معاہدہ نہیں کر سکے گی جب تک انتظامیہ خود کو مالی طور پر مستحکم ثابت نہ کر سکے یعنی نئے معاہدے صرف اُسی صورت ممکن ہوں گے کہ جب وہ کلب کی آمدن کو اخراجات کے مقابلے میں بہتر ثابت کر سکے۔

پی آئی ایف ذرائع کے مطابق مذکورہ اقدامات کلب کی مارکیٹ ویلیو کو برقرار رکھنے، قرض کے مزید بڑھنے سے روکنے اور گورننس کے مقررہ اصولوں کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

النصر ریاض میں واقع ہے اور سعودی پرو لیگ کے موجودہ چیمپیئنوں میں سے ایک ہے تاہم مالی حالت کو بہتر کرنے کے اقدامات اِس کی آئندہ مسابقتی کارکردگی پر اثر انداز بھی ہو سکتے ہیں۔

PIF یا النصر کی طرف سے تاہم اِس رپورٹ سے متعلق کوئی فوری تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

Avatar photo
Project Lamha
Articles: 46