کام کے دوران پانچ منٹ کا ڈانس تخلیقی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے
BBC اردو کے مطابق کام کے دوران یا روزمرہ میں صرف پانچ منٹ کا ڈانس مزاج، توجہ اور تخلیقی صلاحیت بہتر کر سکتا ہے؛ تحقیق میں اسکولی بچوں کی توجہ میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بی بی سی اردو کے مطابق ماہرین اور محقیقین کا خیال ہے کہ کام کے دوران یا روزانہ صرف پانچ منٹ کے لیے ڈانس کرنا مزاج، توجہ اور تخلیقی صلاحیتوں میں فوری بہتری لا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مختصر ڈانس جسمانی، ذہنی اور سماجی فوائد یکجا کر کے دماغی صحت بہتر بناتا ہے، یہ بات اُسوقت سامنے آئی جب سکول کے بچوں پر کیے گئے ایک تجربے میں پانچ منٹ کی گروپ ڈانس کے بعد ریاضی پر توجہ میں بہتری دیکھی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بی بی سی کے مضمون نگار نے اپنے دفتر میں دوپہر ایک بجے لیپ ٹاپ کے سامنے کھڑے ہو کر مختصر ڈانس کر کے خود اس کا تجربہ کیا اور فوری توانائی اور خوشگوار احساس محسوس کیا۔
تحقیقی شواہد بھی اِس تجربے کی تائید کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈانس ایک ایسی سرگرمی ہے جو جسمانی، ذہنی اور سماجی فوائد کو یکجا کرتی ہے اِس لیے یہ دیگر ورزشوں سے منفرد ہے۔ جرمنی کے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ کی نیورو سائنس دان اور سابق بیلے ڈانسر جولیا ایف کرسٹینسن کہتی ہیں کہ ڈانس کرنا ہماری صحت اور خوشی کے لیے تین اہم چیزوں کو ایک ساتھ جوڑ دیتا ہے، جو دوسری سرگرمیوں میں ایک ساتھ نہیں ملتیں۔
کرسٹینسن کے مطابق یہ تین فائدے جسمانی ورزش، دوسروں سے تعلق مضبوط کرنا اور موسیقی کے ساتھ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ حرکت اور تال (ردھم) کا ملاپ نا صرف جسمانی فٹنس بہتر کرتا ہے بلکہ جب دوسروں کے ساتھ مل کر ڈانس کرتے ہیں تو ایسے ہارمون ریلیز ہوتے ہیں جو خوشی اور اجتماعی تعلق میں اضافہ کرتی ہے۔ مزید برآں ابتدائی تحقیق سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ نومولود بچے بھی تال کے انداز کو پہچان سکتے ہیں جو انسانی فطرت میں حرکت اور تال کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
سابق پیشہ ور ڈانسر اور ماہرِ نفسیات پیٹر لووٹ کہتے ہیں کہ جب عمر بڑھتی ہے تو اکثر ڈانس کرنا کم کر دیا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انسان قدرتی طور پر ڈانس کرنے کے لیے بنا ہے۔ ماہرین بتاتے ہیں کہ ڈانس کے کچھ طویل مدتی فوائد میں یادداشت کی بیماری (ڈیمنشیا) کے خطرے میں کمی اور مجموعی زندگی کے معیار میں بہتری شامل ہو سکتی ہے۔
ڈانس کے لیے گھنٹوں کی ضرورت نہیں بلکہ صرف چند منٹ کی باقاعدہ سرگرمی بھی فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔ مضمون میں سکول کے بچوں پر کیے گئے ایک تجربے کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں صرف پانچ منٹ کی گروپ ڈانس کے بعد بچوں کی ریاضی پر توجہ بہتر رہی۔ اِس طرح روزمرہ کی مختصر ڈانس بریک فوری موڈ بہتر کرنے اور دماغی کارکردگی بڑھانے کا سادہ اور موثر طریقہ ہو سکتی ہیں۔



