جماعت اسلامی کا مہنگائی، بجلی، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آئندہ چند روز میں ملک گیر عوامی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تائید سے نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور سے ملک بھر کے جماعت کے ذمہ داران کے آن لائن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے جماعت کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ آئندہ 10 روز تک رکن سازی مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سازش، خفیہ سمجھوتے یا غیر جمہوری طریقے سے اقتدار حاصل کرنے پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کی حمایت اور جمہوری عمل کے ذریعے تبدیلی چاہتی ہے، رائے عامہ کے بغیر آنے والا کوئی بھی انقلاب پائیدار نہیں ہو سکتا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق جماعت اسلامی کے مؤقف کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے جماعت کا پیغام وسیع پیمانے پر پھیلایا جائے اور کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر مؤثر آواز ہے اور اس آواز کو عوام تک پہنچانے میں کارکنان کا کردار کلیدی ہے۔
