بائیکاٹ کی قیاس آرائیاں ختم، بلاول بھٹو محسن نقوی کے ہمراہ ایوان پہنچ گئے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ سے متعلق قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی بلاول بھٹو زرداری کو ساتھ لے کر قومی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچے۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بلاول بھٹو سے ملاقات کی تھی، جس میں اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوئے تھے ۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل نے وضاحت کی تھی کہ پارٹی نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
پارٹی موقف کے مطابق بعض اراکین اجلاس میں شریک ہونے والے تھے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو کی شرکت کے بارے میں مختلف اطلاعات گردش کر رہی تھیں۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے بھی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ سے متعلق خبروں کو غلط قرار دیا تھا۔

جمعے کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں ہمارا مینڈنٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک طرف ہمارا مینڈیٹ چوری ہو اور دوسری طرف ہم بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں مؤقف اپنایا گیا کہ بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ صرف بلاول بھٹو زرداری کی عدم شرکت تک محدود ہے، پارٹی کے دیگر اراکین اجلاس میں شریک ہوں گے۔

یہ بیان سامنے آنے کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری بلاول بھٹو کے چیمبر پہنچے اور کچھ دیر بعد یہ خبر سامنے آئی ہے کہ بلاول بھٹو بجٹ اجلاس میں شرکت پر رضامند ہوگئے ہیں۔