غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی فنڈنگ کے الزامات، برطانیہ میں 8 خیراتی اداروں کے خلاف تحقیقات شروع.
لندن: انگلینڈ اور ویلز کے چیریٹی کمیشن نے آٹھ برطانوی خیراتی اداروں کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ان اداروں پر الزام ہے کہ انہوں نے خیراتی رقوم مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی بستیوں تک پہنچائیں، جنہیں بین الاقوامی قانون کے تحت وسیع پیمانے پر غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ تحقیقات ایک ایسی شکایت کے بعد شروع کی گئی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا کہ 32 خیراتی اداروں نے مجموعی طور پر کم از کم 28 ملین پاؤنڈ (تقریباً 37 ملین امریکی ڈالر) بستیوں سے وابستہ تنظیموں کو منتقل کیے۔ چیریٹی کمیشن کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد حقائق کا تعین کرنا ہے اور ابھی کسی ادارے کو قصوروار قرار نہیں دیا گیا۔




