کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023ء میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی
کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی؛ اوگرا اصلاحات، ریفائنریز کی اپ گریڈیشن اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی پر ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، اوگرا میں اصلاحات، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی جس کا مقصد ملک کی آئل ریفائننگ صلاحیت کو بہتر بنانا اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنا بتایا گیا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، ریفائنریز کی اپ گریڈیشن توانائی تحفظ کے نظام کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ریفائنریز توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
وزیراعظم نے اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شعبہ توانائی میں اصلاحات کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اِس پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے براؤن فیلڈ ریفائنریز پالیسی میں ترمیم پر وزیر پیٹرولیم کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے سٹریٹجک ریزروز بڑھائے جائیں گے اور آئل ریفائننگ پالیسی کی ترویج کے لیے قطر، سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے تاکہ بیرونی سرمایہ کاری اور تکنیکی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے۔



