اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا اکِہیکو کو ایم ایل۔ون (Main-Line 1) ریلوے پراجیکٹ کی مشترکہ فنڈنگ کی دعوت دی، یہ درخواست ایک اعلیٰ سطح کی ملاقات کے دوران کی گئی جس میں پاکستان نے ریلوے جدید کاری، تجارتی ربط اور طویل مدتی اقتصادی نمو مضبوط کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی۔
احد چیمہ نے ملاقات میں جائیکا کو ایم ایل۔ون منصوبہ کی فنانسنگ میں شمولیت کی دعوت دی اور بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت دار پہلے ہی اس اقدام کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی جدید کاری پاکستان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مضبوط کرے گی، تجارت کو سہل بنائے گی، صنعتی روابط میں بہتری لائے گی اور طویل المدتی اقتصادی نمو کی حمایت کرے گی۔
ڈاکٹر تاناکا نے منصوبے کی اسٹریٹجک اہمیت تسلیم کی اور کہا کہ جائیکا اِس پیشکش پر غور کرے گا۔
احد چیمہ نے جائیکا سے ورک فورس ڈیویلپمنٹ، دیہی انٹرنیٹ انفراسٹرکچر، اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کے فیزیبلیٹی مطالعات کے لیے بھی مدد طلب کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گندھارا ثقافتی مقامات کی حفاظت میں زیادہ تعاون کی تجویز پیش کی۔
وزیر نے جاپان کے طویل المدتی ترقیاتی تعاون کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جاپان کی آفیشل ڈویلپمنٹ اسٹینس (او ڈی اے)تقریباً 11.7 ارب ڈالر پچھلے سات دہائیوں میں مختلف شعبوں مثلاً توانائی، ٹرانسپورٹ، زراعت، آبی وسائل، صحت، تعلیم، صنعت اور سکیورٹی میں معاون ثابت ہوئی ہے۔
دونوں فریق متفق ہوئے کہ پاکستان-جاپان ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھا جائے گا۔ ایم ایل-1 پاکستان کے سب سے بڑے ریلوے جدید کاری منصوبوں میں سے ایک ہے اور یہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ملک کی مرکزی ریلوے لائن کو اپ گریڈ کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔



