امریکہ کا 250واں یومِ آزادی اور پاک امریکہ تعلقات کا نیا باب

امریکا کو اس کے 250ویں یومِ آزادی پر پوری پاکستانی قوم کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے !مبارک باد
یہ صرف ایک ملک کی سالگرہ نہیں بلکہ ان اصولوں، اقدار اور خوابوں کا جشن ہے جنہوں نے دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کو امید، ترقی اور کامیابی کی نئی راہیں دکھائی ہیں۔ دراصل امریکا نے گزشتہ ڈھائی صدیوں میں خود کو ایک ایسے معاشرے کے طور پر منوایا ہے جہاں محنت، صلاحیت اور عزم کو رنگ، نسل، زبان اور جغرافیے سے بالاتر ہو کر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
میں ذاتی طور پر امریکا کی بے حد شکر گزار ہوں کیونکہ مجھے ریاست منی سوٹا کے شہر نارتھ فیلڈ کے ایک صف اول کے کالج میں فل رائیڈ اسکالرشپ کے ذریعے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا اور میرے خوابوں کو حقیقت کا روپ بخشا، یہ صرف میری کہانی نہیں بلکہ دنیا بھر سے آنے والے کروڑوں طلبا، محققین، سائنس دانوں، ڈاکٹروں، انجینئرز اور پیشہ ور افراد کی مشترکہ داستان ہے جنہوں نے امریکا کی علمی اور پیشہ ورانہ فضا میں اپنے مستقبل کو نئی روشنی بخشی۔ یہ موقع صرف تعلیمی کامیابی کا ذریعہ نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں، خیالات اور علمی روایات سے سیکھنے کا ایک منفرد تجربہ ہے۔ امریکا کی جامعات اور تحقیقی ادارے دنیا بھر کے باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، جہاں علم، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
امریکا دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں کا مرکز بھی ہے۔ یہاں کی جامعات نہ صرف علم و تحقیق میں عالمی معیار قائم کرتی ہیں بلکہ نئی سوچ اور قیادت کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے ہر کونے سے نوجوان امریکا کا رخ کرتے ہیں تاکہ وہ اپنے علم، صلاحیت اور مستقبل کو نئی جہت دے سکیں۔
امریکا کی اصل طاقت اس کی وسعتِ نظر، کشادہ دلی اور بہترین نظامِ حکمرانی میں پوشیدہ ہے۔ یہاں ترقی کے مواقع صرف مخصوص طبقات تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہر باصلاحیت فرد کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ یہی لیول پلیئنگ فیلڈ امریکا کو دنیا کی ممتاز ترین اقوام میں شمار کراتی ہے۔ ایک ایسا نظام جہاں خواب دیکھنے والوں کو خواب پورے کرنے کے وسائل، حوصلہ اور مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
آج امریکا میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں لوگ تعلیم حاصل کر چکے ہیں، کام کر رہے ہیں، اپنی زندگیوں کو بہتر بنا رہے ہیں اور اپنے خاندانوں کے لیے روشن مستقبل تعمیر کر رہے ہیں۔ یہ کامیابیاں اس نظام کی گواہی ہیں جو محنت کرنے والوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیتا ہے اور انسانی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ماحول فراہم کرتا ہے۔
پاکستان اور امریکا کے تعلقات بھی کئی دہائیوں پر محیط ہیں، جن کی بنیاد باہمی احترام، تعاون اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے۔ تعلیم، سائنسی تحقیق، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط ایسے شعبے ہیں جہاں دونوں ممالک نے قابلِ قدر شراکت داری کو فروغ دیا ہے۔ تعلیمی تبادلے اور اسکالرشپ پروگرام دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی فہم و ادراک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ امریکا کا یومِ آزادی اس حقیقت کی یاد دہانی بھی ہے کہ علم، مواقع اور انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری نہ صرف قوموں کو ترقی دیتی ہے بلکہ دنیا کو مزید پُرامن، خوشحال اور باہم مربوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔
امریکی یوم آزادی کی سالگرہ پر اسلام آباد میں امریکی سفارتکانے میں جو خوبصورت تقریب ہوئی ، اس میں پاکستان میں تعینات امریکی سفارت کار نیٹلی بیکر پاکستان میں امریکا کی نئی زبان بن کر سامنے آئی ہیں۔ وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کی مالک ہیں جو امریکی پالیسی کے ایک بدلتے ہوئے رخ کی نمائندگی بھی کرتی ہیں اور سرگرم سفارتکاری کے ذریعے پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت بھی دے رہی ہیں۔ ان کی موثر سفارتکاری اور پروفیشنل ازم کے باعث پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے درمیان ہمیشہ دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون پر ہونے والی گفتگواب موثر سفارت کاری میں بدل چکی ہے جس کے باعث اب ٹیکنالوجی کا تبادلہ، سرمایہ کاری، معدنیات، تجارت اور نوجوان افرادی قوت زیر بحث آ رہے ہیں ، انہی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کی جغرافیائی اور معاشی اہمیت ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنتی دکھائی دیتی ہے۔ امریکی حکومت اور موجودہ ٹرمپ انتطامیہ جس طرح پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر، معدنی وسائل اور برآمدی صلاحیت میں دلچسپی لے رہی ہے، وہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے، انہی عوام کی بنیاد پر ماہرین پراُمید ہیں کہ مستقبل قریب میں پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری، تجارتی روابط اور ٹیکنالوجی تعاون میں حقیقی اضافہ ہوگا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
اس تاریخی موقع پر میری نیک تمنائیں امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔ دعا ہے کہ امریکا مستقبل میں بھی دنیا بھر کے نوجوانوں، طلباء اور خواب دیکھنے والوں کے لیے امید کا چراغ بنا رہے اور علم، امن اور ترقی کے سفر میں مزید کامیابیاں حاصل کرے۔
۔


تعارف مصنفہ
زینب وحید پرائم منسٹر نیشنل یوتھ کونسل کی ممبر ہیں۔ امریکا کے”کارلٹن“ کالج کی اسکالرشپ ہولڈر طالبہ ہیں۔ یونیسف یوتھ فورسائیٹ فلوشپ 2024 میں پاکستان کی نمائندہ رہ چکی ہیں۔ کلائمٹ ایکٹوسٹ اور جرنلسٹ ہیں۔ مصنفہ، سوشل میڈیا کونٹینٹ کریئٹر اور مقررہ ہیں۔ پاکستان میں اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان نے مشترکہ طور پر انہیں “کلائمٹ ہیرو”کے اعزاز سے نوازا ہے۔ دبئی فیوچر فورم میں اقوام متحدہ کی خصوصی دعوت پر پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔یونیورسٹی آف ٹورنٹو، یورپ کے معتبر میگزین”جرنل آف سٹی کلائمٹ پالیسی اینڈ اکانومی”، اور نوبل پرائز ونر ملالہ یوسف زئی کے عالمی شہرت یافتہ میگزین “اسمبلی” میں مضامین چھپ چکے ہیں۔ پاکستان کے قومی اخبارات میں بلاگز لکھتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے تحت امریکا اور اٹلی میں یوتھ فار کلائمٹ چینج انٹرنیشنل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ارجنٹائن میں میں انٹرنینشل سی فورٹی سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اقوام متحدہ اور انٹرنیشنل سول سوسائٹی کے تحت کانفرنس میں بطور پینلسٹ شامل ہیں۔ مضمون نویسی کے متعدد بین الاقوامی مقابلے بھی جیت چکی ہیں۔ نیدرلینڈز کے سرکاری ٹی وی نے زینب وحید کو پاکستان کی گریٹا تھنبرگ قراردیا ہے۔