کامسیٹ یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کے چھ ہزار طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

چار سال سے فنڈز کی کمی ,کامسیٹ یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کے 6 ہزار طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کیمپس کی نئی جگہ تعمیر کے لیے یونیورسٹی 4سال سے فنڈز کی کمی کا شکار ہے، افسر شاہی کے سرخ فیتے کے باعث تعمیراتی لاگت بھی1 ارب سے زائد بڑھ گئی , دھتموڑ میں400 کنال سے زائد زمین دستیاب ہے لیکن حکومت فنڈز جاری کرنے سے انکاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چار سال قبل3 ارب48 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ، 4سال سے کامسیٹ یونیورسٹی فنڈز کے لیے ترس گئی لیکن وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو ترس نہ آیا ۔ یونیورسٹی میں 50 ڈگری پروگرامز میں 6 ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں ۔
دوسری جانب وزارت تعلیم اور وزرات سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مؤقف ہے کہ وہ طلباء کے حق اور فنڈزکے اجرا ء کی کوشش کر رہے ہیں ۔
طلباء نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے اپیل کی ہے کہ وہ کامسیٹ کے طلباء کا مستقبل تاریک ہونے سے بچائیں ۔
