ڈھاکہ (بیورو رپورٹ) بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے 2024ء کی حکومت مخالف تحریک کے دوران کریک ڈاؤن خونریزی کے الزام میں عوامی لیگ کے سات سینئر رہنماؤں کو اُن کی غیرموجودگی میں سزائے موت سنا دی جس کے بعد اِن مقدمات میں سزا پانے والوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔
بنگلہ دیش کی عدالت نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کے سات سینئر رہنماؤں اور عہدیداروں کو انسانیت کے خلاف جرائم، مظاہرین کے قتل پر اُکسانے اور ہلاکتوں کے احکامات دینے سمیت متعدد الزامات میں مجرم قرار دیا۔
خبر میں کہا گیا ہے کہ اِن فیصلوں کے بعد 2024ء کی عوامی تحریک سے متعلق مقدمات میں سزا پانے والے افراد کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اِن میں سے 22 افراد کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے، اِن میں سے صرف چار افراد زیرِ حراست ہیں جبکہ بقیہ تمام افراد مفرور ہیں۔
سزا پانے والوں میں عوامی لیگ کے سابق سکریٹری جنرل عبید القادر اور سابق وزیر اطلاعات محمد علی عرفات شامل ہیں جبکہ باقی پانچ افراد بھی جماعت میں مختلف عہدوں پر فائز رہے تھے، مذکورہ ساتوں ملزم تاحال مفرور ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے اندازے کے مطابق جولائی اور اگست 2024ء کی بدامنی کے دوران 1,400 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔ سرکاری وکیل محمد امین الاسلام نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر الزامات ثابت ہو گئے تھے۔ عدالت نے ملزمان کے نصف اثاثے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ احتجاج کے دوران ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جا سکے۔
وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان کا قتل کی کارروائیوں میں براہِ راست کوئی کردار نہیں تھا اور انہیں کم سخت سزائیں دی جانی چاہئیں۔ دستاویزات کے مطابق احتجاج پہلے طلبہ کی قیادت میں شروع ہوا اور بعد ازاں ملک گیر بغاوت کی شکل اختیار کر گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شیخ حسینہ 5 اگست 2024ء کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت فرار ہو گئیں اور نومبر 2025ء میں اُنہیں بھی اُن کی غیرموجودگی میں انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی جا چکی ہے۔ فروری میں ہونے والے انتخابات کے بعد طارق رحمان کی قیادت میں قائم بنگلہ دیشی حکومت نے شیخ حسینہ کی بھارت سے حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ 78 سالہ سابق وزیرِِاعظم فی الوقت بھارت میں جلاوطنی گزار رہی ہیں جبکہ اُن کا کہنا تھا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔




