خیبر پختونخوا میں گورنر راج: پی ٹی آئی حکومت معطل، فخر عالم عرفان چیف سیکریٹری مقرر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کی سیاست میں اہم پیش رفت کے دوران وفاقی حکومت نے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت معطل ہو گئی۔ صدر آصف علی زرداری نے وفاقی کابینہ کی سفارش منظور کی، جبکہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکریٹری مقرر کر دیا گیا۔ ان کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور تاحکمِ ثانی برقرار رہے گی۔
ڈاکٹر فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کا تعلق ضلع مردان سے ہے۔ وفاقی حکومت نے اقدام کی وجہ خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور صوبائی حکومت کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کے معاملات پر اختلافات کو قرار دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کر رہے تھے۔ وفاقی اور صوبائی قیادت کے درمیان مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہو چکے تھے۔
پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے ایمرجنسی اور گورنر راج کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری اقدام قرار دیا اور فیصلے کو متعلقہ فورمز پر چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔اس فیصلے کے فوری اثرات صوبائی انتظامیہ، مرکز اور پی ٹی آئی کے تعلقات پر مرتب ہوں گے۔ وفاقی حکومت اسے سکیورٹی اور انتظامی بحران کا حل قرار دے رہی ہے، جبکہ مخالفین اسے منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات میں مداخلت سمجھتے ہیں۔




