کراچی (لمحہ نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کی سلیبوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے، تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی طرف منتقلی ضروری ہے، سبسڈی کے نظام میں شفافیت اور ہدف بندی ممکن بنانے کے لیے کمزور طبقات کو سماجی تحفظ کے پروگراموں کے ذریعے ٹارگٹڈ تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے۔
کراچی میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی ایل کی آپریشنل کارکردگی، ریونیو ریکوری اور وسائل کے بہتر استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے بورڈ کو ہدایت کی کہ ادارے کی مالی پائیداری کے لیے گیس چوری اور نقصانات کو جلد از جلد کم کیا جائے اور گیس ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کی مضبوطی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے ادارے کی پائیداری مضبوط بنانے، انتظامی چیلنج دور کرنے اور گیس نیٹ ورک میں اصلاحات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں غیر حساب شدہ گیس (یو ایف جی) میں کمی اور گھریلو صارفین کو روزانہ تین بار گیس فراہم کرنے کی تفصیلات شیئر کتے ہئوے بتایا گیا کہ کمپنی کے گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم میں نمایاں بہتری آئی ہے اور غیر حساب شدہ گیس (یو ایف جی) میں 57 فیصد کمی ہوئی ہے جسے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کارکردگی میں بہتری کی مثال کے طور پر پیش کیا۔ اِس کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ کے الیکٹرک، صنعتی صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔
ایس ایس جی سی ایل حکام نے کہا کہ گھریلو صارفین کو دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کی جا رہی ہے، جب کہ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان میں گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر کی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایات دیں تاکہ وہاں کے صارفین کو تسلسل کے ساتھ رسد میسر ہو سکے۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا اور گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریباً روک دیا گیا ہے۔ حکومت عالمی بینک (ورلڈ بینک) کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے بورڈ سے کہا کہ وہ آپریشنل کارکردگی کو مزید بہتر کریں، ریونیو ریکوری پر توجہ دیں اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنا کر کمپنی کی مالی خودکفالت مضبوط کریں۔




