فرانس کا یورپی فنڈز سے غیر یورپی ہتھیاروں کی خریداری محدود کرنے پر زور
فرانس نے یوکرین کی جانب سے یورپی یونین کے فنڈز سے غیر یورپی ممالک سے ہتھیار خریدنے کی اجازت محدود کرنے کی کوشش تیز کر دی ہے۔ یورونیوز کے مطابق پیرس چاہتا ہے کہ یوکرین کو یورپی یونین سے باہر دفاعی سامان خریدنے کے لیے دی جانے والی خصوصی چھوٹ عارضی رکھی جائے۔
یورپی یونین کے 90 ارب یورو کے یوکرین سپورٹ لون میں تقریباً 60 ارب یورو دفاعی ضروریات کے لیے مختص ہیں۔ موجودہ اصولوں کے تحت غیر یورپی خریداری پر 35 فیصد کی حد ہے، تاہم فوری فوجی ضرورت کی صورت میں استثنا دیا جا سکتا ہے۔ یوکرین کو چینی ڈرون پرزہ جات اور امریکی پیٹریاٹ میزائلوں کے لیے ایسی چھوٹ مل چکی ہے۔ فرانس کا مؤقف ہے کہ یورپی فنڈز سے یورپی دفاعی صنعت کو مضبوط اور بیرونی انحصار کم ہونا چاہیے۔




