پاکستان کے محمد زبیر نے پیرس میں منعقدہ ای سپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کی عالمی چیمپئن شپ جیت لی جہاں انہوں نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے ’’لو ہائی‘‘ کو پانچ۔صفر سے ہرا کر ٹائٹل اور ڈھائی لاکھ ڈالر نقد انعام حاصل کر لیا۔
پاکستانی کھلاڑی محمد زبیر نے پیرس میں ای سپورٹس ورلڈ کپ کے ٹیکن 8 مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی چیمپیئن کا تاج سمیٹا۔ گرینڈ فائنل میں اُنہوں نے جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی کو کلین سویپ کرتے ہوئے واضح برتری دکھائی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔
یہ ٹورنامنٹ پانچ سے آٹھ اگست ے درمیان کھیلا گیا، زبیر نے ابتداء میں مشکلات کے باوجود اہم مقابلوں میں مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔ اِس عالمی کپ نے سوشل میڈیا پر اُن کی غیر متوقع کامیابی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ وہ آیا اور تاج لے اُڑا۔
زبیر کے ٹائٹل تک پہنچنے کے راستے میں ایک بڑا موڑ اُن کا ہم وطن اور معروف کھلاڑی ارسلان عرف ایش صدیق کے خلاف مقابلہ تھا۔ زبیر نے جمعے کو دوسرے گروپ مرحلے میں ارسلان کو ہرانے کے بعد سیمی فائنل میں بھی اُن کا سامنا کیا جہاں ایک سنسنی خیز مقابلے میں اُنہوں نے ارسلان کو پانچ۔چار 4 سے شکست دی۔
ارسلان لاہور میں پیدا ہوئے، وہ عالمی ٹیکن کمیونٹی کے معروف ناموں میں سے ہیں اور اُنہیں آٹھ بار ایولوشن چیمپیئن شپ سیریز کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ زبیر نے ارسلان کے خلاف اپنی جیت سے اپنی مضبوط حکمت عملی اور ذہنی مضبوطی کا مظاہرہ کیا، وہ اِسی وجہ سے فائنل تک پہنچے۔
فائنل میچ میں زبیر نے کورین کھلاڑ کے خلاف ایک یکطرفہ کارکردگی دکھائی اور پانچوں راونڈ جیت کر مداحوں اور ناقدین دونوں کو متاثر کیا۔ محمد زبیر کی فتح پاکستان کے ای سپورٹس منظرنامے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
یہ کامیابی پاکستان کے لیے بین الاقوامی ای اسپورٹس میں یادگار پیشرفت ہے اور مقامی گیمنگ کمیونٹی میں جوش اور اُمید کی لہر پیدا کرے گی۔




