مکہ دفاعی اتحاد کو پہلا سربراہ مل گیا، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود اہم ذمہ داری سنبھال گئے
مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس نے پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو اپنا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کردیا ہے۔ ترکی ٹوڈے نیوز کی فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق ان کی مدتِ عہدہ تین سال ہوگی اور بنیادی ذمہ داری سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو سیاسی عزم سے ایک فعال اور منظم ادارہ جاتی ڈھانچے میں تبدیل کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 7 اگست کو مکہ میں سہ فریقی دفاعی معاہدے پر دستخط کے بعد اتحاد کا سیکریٹریٹ ریاض میں قائم کرنے اور اس کی سربراہی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سیکریٹریٹ سے مستقبل کی منصوبہ بندی اور دفاعی اقدامات تیار کیے جائیں گے۔ جنرل نعمان محمود کی تقرری پاکستان کو اتحاد کی ابتدائی ادارہ جاتی تشکیل، طریقۂ کار اور سٹریٹجک سمت پر اثرانداز ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
جنرل نعمان محمود کا عسکری کیریئر فیلڈ کمانڈ، انٹیلی جنس تجزیے، سٹریٹجک امور اور فوجی تعلیم پر مشتمل رہا ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے دوران انفنٹری ڈویژن کی کمان کی، بعد ازاں دسمبر 2019 سے نومبر 2021 تک پشاور میں گیارہویں کور کی قیادت کی۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں چیف انسٹرکٹر اور بعد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر بھی رہے۔
رپورٹ میں ماہرین کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس الائنس کی ابتدائی ترجیح ادارہ جاتی تشکیل، مشترکہ تربیت، دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی تعاون ہوگی، جبکہ بعد میں عملی فوجی انضمام پر توجہ دی جاسکتی ہے۔ اتحاد ابھی مکمل طور پر مربوط فوجی تنظیم نہیں بنا اور اس کے اجتماعی دفاعی وعدے کو عملی شکل دینے کے لیے مشترکہ طریقۂ کار، مشاورت اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام وضع کرنا ہوں گے۔




