شمالی علاقوں کے لیے آئندہ 72 گھنٹے انتہائی خطرناک ہیں، این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے نے اگلے 72 گھنٹوں میں گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کی، حکام کو ہائی الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کہا گیا۔

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، آزاد جموں اور کشمیر کےعلاوہ بالائی خیبر پختونخوا میں متوقع شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے باعث آئندہ 72 گھنٹوں کو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے ’’اہم‘‘ قرار دیتے ہوئے حکام کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری حفاظتی اقدامات کا حکم دے دیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی تازہ وارننگ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں تیز بارشیں دریاؤں، ندیاں اور موسمی نالوں میں تیزی سے پانی بڑھنے کا سبب بن سکتی ہیں جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ، فلیکش فلوڈز اور ملبے کے بہاؤ کے خطرات بھی بڑھ جائیں گے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت، دیامر، غِذر، ہنزہ، استور، سکردو اور شِگر کو حساس علاقوں میں شامل کیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر میں باغ، پنچ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی کو خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلا، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں آ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے دریائے سندھ، دریائے کابل، دریائے سوات، پنجگورا، کرم، توچی، دریائے جہلم، دریائے چناب اور دریائے راوی میں آنے والے اضافی بہاؤ کی بھی پیشگوئی کی ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش نالہ لئی کے پانی کے بہاؤ میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتی ہے جس سے نچلے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ شہری علاقوں میں نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان میں بھی شہری سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اتھارٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ خطرے والے علاقوں میں ضروری وسائل پہلے سے تعینات کیے جائیں، محفوظ انخلاء کے انتظامات کو فعال رکھا جائے اور جلد اطلاعات مہیا کی جائیں۔ عوام، سیاحوں اور مسافروں کو دریاؤں، ندی نالوں اور موسمی راستوں کے کنارے جانے سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیلاب زدہ راستوں، پُلوں یا تیز بہاؤ پانی کو پیدل یا گاڑی سے عبور کرنے کی کوشش نہ کرنے کی خاص وارننگ دی ہے کیونکہ کم گہرائی مگر تیز بہاؤ افراد اور گاڑیوں کو بہا لے جانے کے لیے کافی ثابت ہو سکتا ہے۔ سفر سے قبل تازہ موسم کی پیش گوئیاں اور سڑکوں کی حالت چیک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ایڈوانس اطلاعات، پیش گوئیاں اور بروقت معلومات فراہم کر کے ممکنہ نقصانات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوام کو ہدایات اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے، پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے اور کسی ہنگامی صورت حال میں 911 پر رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Avatar photo
Project Lamha
Articles: 1515