پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی سطح پر محکمانہ پروموشن کمیٹی (ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی) کے اجلاس سال میں چار مرتبہ جنوری، اپریل، جولائی اور اکتوبر میں منعقد کرنا لازمی قرار دیا ہے تاکہ اساتذہ اور دیگر ملازمین کی پروموشن کا عمل تیز، شفاف اور بروقت ہو سکے۔
محکمہ نے تمام ضلعی چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو باضابطہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ 2026 کے لیے شیڈول کردہ چاروں اجلاس اکتوبر تک مکمل کر کے پروموشن کے معاملات نمٹائیں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ہر سال ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کے اجلاس جنوری، اپریل، جولائی اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔ متعلقہ اضلاع کو کہا گیا ہے کہ مقررہ مہینے کے تیسرے ہفتے میں اس ایس آئی ایس پورٹل (اسکول انفارمیشن سسٹم) پر اہل ملازمین کو ٹیگ کریں، جبکہ چوتھے ہفتے میں پروموشن کے عملدرآمد کا مرحلہ کھولا جائے گا۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ایس آئی ایس پورٹل کو سال میں چار بار کھول کر پروموشن کے عمل کو سہل بنایا جائے گا تاکہ ریکارڈ کی بنیاد پر شفاف فیصلہ سازی ممکن ہو۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جو افسران مقررہ شیڈول کے مطابق لازمی پروموشن اجلاس منعقد نہیں کریں گے انہیں خلافِ ضابطہ سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ علاوہ ازیں، چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز) کی کارکردگی کا دارومدار بھی پروموشن مقدمات کے بروقت حل پر رکھا جائے گا۔
محکمہ کے اس اقدام کا مقصد ضلعی سطح پر پروموشن کے عمل کو معیاری، بروقت اور شفاف بنانا اور ملازمین کے کیسز میں تاخیر کم کرنا بتایا گیا ہے۔




