پولینڈ میں اسٹارلنک گراؤنڈ اسٹیشن میں آگ، یوکرینی فوج کی کنیکٹیویٹی بھی متاثر
پولینڈ کے مزاویان خطے میں بدھ کی شام Starlink کے گراؤنڈ بیسڈ سیٹلائٹ کمیونیکیشن اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے خطے میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے حوالے سے سیکیورٹی خدشات پیدا کردیئے ہیں۔ یہ اسٹیشن Wola Krobowska میں واقع ہے اور پولینڈ سمیت وسطی و مشرقی یورپ کے مختلف حصوں کو کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کے ساتھ یوکرین میں بھی انٹرنیٹ ٹریفک منتقل کرتا ہے، جس میں یوکرینی فوج کے صارفین بھی شامل ہیں۔
پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے ڈیجیٹل امور کژیشتوف گاؤکووسکی نے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد آگ کو ممکنہ طور پر جان بوجھ کر لگائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آگ سے اسٹیشن کا پاور انفراسٹرکچر اور جنریٹر متاثر ہوا، جس کا مقصد ممکنہ طور پر مواصلاتی نظام کو عارضی طور پر ناکارہ بنانا ہوسکتا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور پولینڈ کی Internal Security Agency (ABW) نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق ایک امکان جان بوجھ کر آگ لگانا ہے، جبکہ بجلی کے نظام میں شارٹ سرکٹ کو بھی تفتیش میں شامل رکھا گیا ہے۔ اس لیے واقعے کو حتمی طور پر تخریب کاری قرار دینا ابھی قبل از وقت ہے۔
گاؤکووسکی نے روسی طرزِ عمل سے مماثلت کا دعویٰ کیا، تاہم وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے بھی کہا ہے کہ روسی مداخلت کی براہِ راست تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔ اسٹیشن کی سروسز بعد میں دوبارہ فعال ہوگئیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پولینڈ خطے میں ہائبرڈ وار اور اہم انفراسٹرکچر کے خلاف ممکنہ تخریب کاری کے خطرات پر پہلے ہی تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے۔




