اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں تاریخ سازاضافہ، اہم سنگ میل عبور کر لیا : مشیر خزانہ

اقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ  ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ،اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر (Remittances) میں  بڑا اضافہ ہوا ہے ۔

 پہلی بار ماہانہ ترسیلات زر کا حجم 4 ارب ڈالرز کی حد عبور کر کے 4.25 ارب ڈالرز کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ یہ ماہانہ بنیادوں پر 20 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد سے زائد کا نمایاں اضافہ ہے۔جولائی تا مئی مالی سال 26 ءکے دوران مجموعی ترسیلات زر 38.1 بلین ڈالرز تک پہنچ گئیں، جو کہ سالانہ 9 فیصد زیادہ ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے  یہ بھرپور  اعتماد کا اظہار  ہے ،ا س سے ملکی معیشت میں استحکام آئے گا ۔ ابھی مالی سال ختم ہونے میں ایک ماہ باقی  ہے  اور ترسیلات زر پہلی بار 41 بلین ڈالر زسے تجاوز کرنے کے راستے پر ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل  ادارہ شماریات نے مئی 2026 کی تجارتی اعداد و شمار سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کی تھی۔ مشیر خزانہ خرم شہزاد نے ادارہ شماریات کی تجارتی اعدادوشمار سے متعلق تازہ رپورٹ’’ ایکس ‘‘پر شیئر کرتے ہوئے بتایا  تھا کہ مئی کے مہینے میں ملکی تجارتی خسارہ 39 فیصد تک گرگیا، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی سے تجارتی فرق کم ہوگیا۔مئی میں ملک کی برآمدات میں 10 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 22 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آنے والے فنڈزمیں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔  آئی ٹی برآمدات اور ترسیلات زر میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔