سکائی سپورٹس پر سابق وزیرِِاعظم عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو تنازعے کے باوجود بکنگھم پیلس نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس اِس ہفتے کے آخر میں لارڈز ٹیسٹ کے دوران پاکستان کی مردوں کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم سے کلیرنس ہاؤس کے باغات میں ملاقات کریں گے کیونکہ یہ ملاقات سیریز شروع ہونے سے پہلے طے کی گئی تھی۔
بکنگھم پیلس نے اتوار کو کہا کہ شاہ چارلس، دولتِ مشترکہ کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کلیرنس ہاؤس کے باغات میں استقبال کریں گے۔ پیلس نے بتایا کہ یہ ملاقات موسمِ گرما میں انگلینڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے درمیان وقفے میں ہو گی اور شاہ چارلس تقریباً 15 منٹ پاکستانی ٹیم کے ساتھ گزاریں گے۔
یہ اعلان اُس تنازعے کے درمیان سامنے آیا ہے جو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن لنچ کے دوران سکائی سپورٹس کی طرف سے سابق کپتان اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کرنے کے بعد پیدا ہوا۔ انٹرویو میں سلیمان اور قاسم نے اپنے والد کے ساتھ سلوک اور اُنہیں فراہم کی جانے والی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے ردِعمل پر بھی تنقید کی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی اِس معاملے پر برطانیہ کے خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور کے دفتر سے مشورہ طلب کیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق یہ ملاقات سیریز شروع ہونے سے پہلے طے شدہ تھی اور بکنگھم پیلس نے بھی اسی بات کی تصدیق کی ہے۔ وزیرِِ داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اِس ملاقات میں موجود ہوں گے یا نہیں، یہ تاحال واضح نہیں ہے۔




