زیلنسکی کا وٹکوف اور کشنر کو منفرد خراجِ تحسین: ’’پیٹریاٹ سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی‘‘
( مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچیوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کا کیف آمد پر غیر معمولی انداز میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج آپ نے ہمارے دارالحکومت میں موجود شہریوں کے لیے پیٹریاٹ سسٹمز سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی۔‘‘ انہوں نے امریکی نمائندوں سے کہا کہ وہ مزید آتے رہیں تاکہ یوکرینی عوام کو کچھ زیادہ عرصہ زندہ رہنے کا موقع مل سکے۔ زیلنسکی کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا جب امریکی ایلچی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں تین گھنٹے سے زائد ملاقات کے فوراً بعد کیف پہنچے۔ یہ وٹکوف اور کشنر کا یوکرین کا پہلا سرکاری دورہ تھا اور اسے واشنگٹن کی روس-یوکرین جنگ کے خاتمے کی تازہ سفارتی کوشش میں اہم پیش رفت سمجھا جارہا ہے۔کیف میں مذاکرات کے دوران سیکیورٹی ضمانتوں، اقتصادی تعاون، فضائی دفاعی میزائلوں اور موسمِ سرما کے امدادی پیکیج پر بات چیت ہوئی۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے تعمیری انداز میں کام کرنے کو تیار ہے، تاہم قابلِ اعتماد سیکیورٹی ضمانتیں انتہائی اہم ہیں۔زیلنسکی کا ’’پیٹریاٹ سے بہتر‘‘ والا جملہ دراصل امریکی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام روسی میزائل اور ڈرون حملوں سے شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ امریکی ایلچیوں کی کیف آمد کو زیلنسکی نے سفارتی تحفظ اور امید کی علامت کے طور پر پیش کیا۔ تاہم مذاکرات کے باوجود جنگ کے فوری خاتمے کا کوئی معاہدہ سامنے نہیں آیا۔ زیلنسکی نے خود عندیہ دیا کہ جنگ موسمِ سرما تک جاری رہ سکتی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سفارتی رابطوں کے باوجود بنیادی اختلافات ابھی حل طلب ہیں۔




