وقار زکاء نے ٹریڈنگ کا عالمی مقابلہ جیت کر جی۔ویگن حاصل کر لی

پاکستانی کرپٹو ماہر وقار زکا نے TradFi Competition جیت کر دبئی میں 2026 مرسڈیز G‑Wagon حاصل کی؛ 20 روزہ مقابلے میں US$100,000 پر 74% منافع بناتے ہوئے US$74,000 کمائے۔

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی تاجر اور کرپٹو ماہر وقار زکاء نے عالمی سولو ٹریڈنگ ٹورنامنٹ جیت کر دبئی میں ماڈل مرسڈیز بینز کی 2026 ماڈل کی G‑Wagon حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق 20 روزہ مقابلے میں تین ہزار سے زائد شرکاء نے اپنے ذاتی ایک لاکھ ڈالر کے فنڈ سے حصہ لیا۔ مقابلے میں وقار زکاء نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مقابلے میں شرکاء نے ایک ہی پلیٹ فارم پر سٹاکس، سونا، چاندی، کموڈیٹیز اور کرپٹوکرنسی سمیت روایتی اور ڈیجیٹل اثاثوں میں ٹریڈنگ کی۔ یہ مقابلہ ٹیموں، ریفرلز یا پروموشنل اہداف کے بغیر منعقد کیا گیا تاکہ ہر ٹریڈر کی مختلف اثاثوں کےمطابق ڈھلنے اور مجموعی منافع یا نقصان کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکے۔

وقار زکاء نے ایک لاکھ ڈالر کے ساتھ 74 فیصد منافع بنا کر 74 ہزار ڈالر کمائے۔ دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا کے ٹریڈر نے 57 فیصد جبکہ تیسرے نمبر پر چین کے ٹریڈر نے 35 فیصد منافع حاصل کیا۔

زکاء نے اس سے قبل گزشتہ سال اِسی طرز کے ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ مذکورہ مقابلے میں اگرچہ ابتدائی طور پر وہ چوتھے نمبر تھے تاہم بعد ازاں اُنہوں نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی پاکستانی ٹریڈر ایسے بین الاقوامی کثیرالاثاثہ آن لائن مقابلے میں ٹاپ پوزیشن پر رہا۔

یاد رپے کہ وقار زکاء کو خیبر پختونخوا حکومت نے کرپٹو کرنسی اور بلاک چین سرگرمیوں کے حوالے سے باضابطہ طور پر بطور ماہر تسلیم کیا ہے۔ وہ کرپٹو کو بطور حکومتی اثاثہ برقرار رکھنے کی حمایت کرتے آئے ہیں اور طویل مدتی قدر کو قومی قرض کم کرنے کے لیے بطور حکمتِ عملی استعمال کرنے کی تجویز دیتے رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حال ہی میں کرپٹو اور ڈیجیٹل اثاثوں کو فروغ دیا ہے۔ زکاء 2016ء سے بِٹ کوائن کے دورِ آغاز ہی سے یہی تجویز پیش کر رہے تھے کہ بِٹ کوائن دنیا کا قیمتی ترین اثاثہ ثابت ہو گا۔

زکاء نے 2019ء میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی درخواست بھی دائر کر کے دو سال تک اُس مقدمے کی پیروی کی تھی جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اُن پر عائد الزامات واپس لے لیے اور وہ عدالت سے بری ہو گئے تھے۔

وقار زکاء نے روہنگیا مہاجرین کو کرپٹو کے ذریعے مدد پہنچانے کے تجربات انسانی ہمدردی کے مقاصد کے لیے بلاک چین کے استعمال کی نمائش کی تھی۔ وقار زکاء کی بنیادی تعلیم سول انجینئرنگ کی ہے تاہم اُنہوں نے بعد ازاں سٹینفرڈ سکول آف بزنس سے کاروباری تعلیم میں گرایجویشن بھی کی۔

Avatar photo
Project Lamha
Articles: 46