آسٹریلیا میں ایف۔35 طیاروں کے پُرزے غائب، کھیپ اچانک ہانگ کانگ پہنچ گئی

آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ F-35 لڑاکا طیارے کے لاپتہ پرزے ہانگ کانگ بھیجے گئے تھے۔ اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے بے نقاب ہونے کے خدشات کے پیشِ نظر امریکہ اور لاک ہیڈ مارٹن اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ہانگ کانگ پہنچ کر غائب ہوئے F-35 کے پرزے، آسٹریلیا نے تحقیقات کی تصدیق کردی

آسٹریلیا نے تصدیق کی ہے کہ F-35 Lightning II لڑاکا طیاروں کے کچھ پرزے، جو مرمت کے لیے آسٹریلیا سے امریکا بھیجے جا رہے تھے، غیر متوقع طور پر ہانگ کانگ پہنچنے کے بعد لاپتا ہوگئے۔ آسٹریلوی وزیر دفاع رچرڈ مارلز نے 22 ستمبر کو کہا کہ کینبرا امریکا اور Lockheed Martin کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سامان ایک تیسرے فریق کے ذریعے منتقل کیا جا رہا تھا اور اس میں F-35 کا کاک پٹ کینوپی بھی شامل تھی، جس پر ریڈار جذب کرنے والی خصوصی تہہ استعمال ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے خدشات پیدا ہوئے کہ جدید Stealth Technology ممکنہ طور پر چین کی رسائی میں آسکتی ہے، کیونکہ ہانگ کانگ چین کا خصوصی انتظامی خطہ ہے۔

تاہم مارلز نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق لاپتا سامان میں کوئی حساس ٹیکنالوجی یا حساس پرزہ شامل نہیں تھا۔ امریکی F-35 Joint Program Office نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرزوں کی بازیابی، تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

آسٹریلیا کے پاس 72 F-35 طیارے ہیں اور وہ عالمی اسپیئر پارٹس نیٹ ورک کا اہم حصہ ہے۔ واقعے نے F-35 کی پیچیدہ عالمی سپلائی چین اور پرزوں کی نگرانی پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔

jawad butt journalist | لمحہ نیوز
Jawad Butt

ٹیلی ویژن نیوز، حالاتِ حاضرہ، نیوز روم کی قیادت، ڈیجیٹل سٹوری ٹیلنگ، سوشل میڈیا اینالیٹکس، کارپوریٹ کمیونیکیشنز اور ادارتی حکمتِ عملی کے شعبوں میں 20 سال سے زائد کا تجربہ رکھنے والے میڈیا ایگزیکٹو؛ جنہوں نے جیو نیوز، دنیا نیوز، آج نیوز، واپڈا، ایس این جی پی ایل اور تعلیمی و تدریسی اداروں کے ساتھ خدمات انجام دی ہیں۔

Articles: 356