🇵🇰 سعودی خام تیل کی پاکستان آمد بحال، ریڈ سی روٹ سے سپلائی شروع
سعودی عرب سے پاکستان کے لیے خام تیل کی ترسیل بحیرۂ احمر کے راستے دوبارہ شروع ہوگئی ہے، جس سے ملک میں ممکنہ ایندھن کی قلت کے خدشات میں کمی آئی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک سے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن دوبارہ فعال کردی ہے، جس کے ذریعے ملک کے مشرقی آئل فیلڈز سے خام تیل بحیرۂ احمر کی بندرگاہ ینبع تک پہنچایا جاتا ہے۔ 13 ستمبر کو ڈرون حملے کے بعد پائپ لائن بند ہونے سے ینبع سے تیل کی لوڈنگ بھی رک گئی تھی۔
کراچی کی نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو اسد حسن کے مطابق پاکستانی ریفائنریوں کو سعودی تیل کی سپلائی بحال ہونے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور ایک پاکستانی ریفائنری کے لیے کارگو کی لوڈنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔
پاکستان کو ماہانہ تقریباً 14 سے 16 خام تیل کارگوز درکار ہوتے ہیں، جن میں تقریباً چار کارگوز اب ینبع، باب المندب اور بحیرۂ احمر کے راستے آ رہے ہیں۔ یہ روٹ آبنائے ہرمز سے گزرے بغیر پاکستان تک تیل پہنچانے کا متبادل راستہ فراہم کرتا ہے۔



