پنجاب کے شہر چکوال میں دس اور گیارہ جون کی درمیانی شب پیش آنے والی فائرنگ کے واقعے کی 200 صفحات پر مشتمل انکوائری رپورٹ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی سی ڈی) کے ایک اہلکار کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ اِس واقع میں نو سالہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی ہانیہ احمد ہلاک جبکہ اُس کے والد عدیل احمد اور بھائی عفان احمد شدید زخمی ہوئے۔ رپورٹ چالان کی شکل میں 28 جولائی کو پراسیکیوٹر کے پاس جمع کرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق انکوائری میں کہا گیا ہے کہ ملزم کانسٹیبل نے اپنے انچارج کی اجازت کے بغیر اور ڈیوٹی سے ہٹ کر معصوم شہریوں پر جان سے مار دینے کی نیت سے اَندھا دُھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بچی جاں بحق جبکہ اُس کے والد اور بھائی شدید زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں ملزم کانسٹیبل کا مؤقف اپنایا ہے کہ سفید کار میں مبینہ مسلح ملزمان کو دیکھا جنہوں نے اُن پر فائر کیا جس کے جواب میں اُس نے فائرنگ کی تاہم ڈیوٹی انسپکٹر جہانزیب خاننے ملزم کے مؤقف کو مسترد کیا اور بتایا کہ کانسٹیبل نے کسی سینئر کی اجازت کے بغیر سرکاری رائفل سے فائرنگ کی اور ایک نجی موٹر سائیکل پر گاڑی کا تعاقب کیا۔ انسپکٹر کے بیان کی تائید اسی وقت تھانے میں موجود تین دیگر اہلکاروں نے بھی کی۔
جائے وقوعہ سے پستول کے 14 خول اور کلاشنکوف کے 13 خول برآمد ہوئے۔ انکوائری میں شامل 34 گواہوں میں محلہ سرکلر روڈ کے ایک رہائشی نے بتایا کہ ملزم نے سامنے سے گذرتی کار پر باری باری فائر کیے اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ گاڑی اُن کے رشتہ دار کی تھی۔
انکوائری رپورٹ مجسٹریٹ ریحانہ کوثر کی عدالت میں جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کانسٹیبل نے حقِ دفاع میں فائرنگ کرنے کا موقف اپنایا ہے جو پولیس حکام کے مطابق حقائق کے منافی ہے۔ پنجاب فرانزک اینڈ سائنس ایجنسی سے تاہم گولیوں، زخمیوں اور ہلاک شدہ ہانیہ کے خون کے نمونوں کی حتمی تحریری رائے ابھی موصول نہیں ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مبینہ ڈاکوؤں کی شناخت محمد عباس اور محمد فیاض کے طور پر ہوئی جو ریکارڈ یافتہ تھے اور مبینہ طور پر اُسی رات چکوال میں ایک مقابلے میں ہلاک ہوئے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ عدالت کی تعطیلات کی وجہ سے مقدمے کا باضابطہ ٹرائل ستمبر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ مقتول خاندان میں والد عدیل احمد طویل عرصے سے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں مقیم اور پیشے کے لحاظ سے انجینیئر ہیں جبکہ اُن کی اہلیہ ڈینٹسٹ ہیں۔




