اوہن اے آئی کے سینئر افسروں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سیم آلٹمین کے مطابق اوپن اے آئی اپنا نیا، اعلیٰ صلاحیت والا ماڈل آسٹرا (Astra) عام صارفین کے لیے لانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ماڈل کی سائبر سکیورٹی صلاحیتوں کے خدشات کی بنا پر وسیع ریلیز مؤخر کر دی گئی ہے، نئی تاریخ جاری نہیں کی گئی۔
اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے ’’ایکس‘‘ پر لکھا کہ آسٹرا ایک طاقتور ماڈل ہے اور کمپنی اسے عام دستیاب بنانے پر کام کر رہی ہے کیونکہ طاقتور اے آئی ماڈلوں کو کسی محدود گروپ تک محدود رکھنا اچھی حکمتِ عملی نہیں تاہم کمپنی اِس کی وسیع ریلیز میں تاخیر کر رہی ہے۔
اندرونی جائزوں میں ماڈل کی ایجنٹک کوڈنگ اور سائبر سیکیورٹی میں نمایاں پیشرفت سامنے آئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی نے آسٹرا کے بعض اندرونی کام معطل کر دیے ہیں کیونکہ یہ ماڈل انتہائی اہم قسم کی سائبر صلاحیتیں حاصل کر سکتا ہے۔
اوپن اے آئی نے عوامی ریلیز کی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، کمپنی کے تازہ بیانات اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ ریلیز میں تاخیر کا بنیادی سبب دلچسپی کا فقدان نہیں بلکہ حفاظتی جانچ اور نگرانی ہے۔
آسٹرا چونکہ ابھی تک باضابطہ طور پر لانچ نہیں ہوا لہٰذا اِس کی مکمل صلاحیتیں عوام کے لیے غیر معروف ہیں تاہم کمپنی نے اندرونی ورژن کے کچھ نتائج شیئر کیے ہیں جن کے مطابق اوپن اے آئی کے محققین سمجھتے ہیں کہ اِس نے ریاضی، کوانٹم کمپلیکسٹی اور نظریاتی کمپیوٹر سائنس کے 10 طویل عرصے سے موجود مسائل پر پیشرفت دکھائی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آسٹرا نے اِن مسائل کے بنیادی دلائل تیار کیے اور نتائج کو Lean میں رسمی شکل دے کر مشینی طور پر چیک کیے جانے کے قابل بنایا۔ یہ کام 249 صفحات پر مشتمل ریسرچ مجموعے کی شکل میں مرتب کیا گیا۔ کمپنی کے محققین نے واضح کیا ہے کہ یہ نتائج اندرونی ماڈل پر مبنی ہیں اور لازمی نہیں کہ عوامی ورژن میں یہی صلاحیتیں دستیاب ہوں۔
فی الحال کمپنی حفاظتی جانچ اور تیاریوں پر توجہ دے رہی ہے اور عمومی رسائی کے بارے میں مزید اعلان مستقبل میں متوقع ہوگا۔




