کیا ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھارتی روحانی رہنما کے قدم چھوئے؟ وائرل ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں
(مانیٹرنگ ڈیسک) برکس 2026 سربراہی اجلاس کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے متعلق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے ایک بھارتی روحانی رہنما کے پاؤں یا گھٹنوں کو چھو کر آشیرواد لیا۔ فیکٹ چیک میں یہ دعویٰ غلط اور گمراہ کن ثابت ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں پزشکیان نے مختلف مذہبی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقات کی۔ اسی موقع کی مختصر ویڈیو کو کاٹ کر ایسا تاثر دیا گیا کہ ایرانی صدر نے بھارتی روحانی رہنما سوامی ستیش آچاریہ کے قدم چھوئے۔ تاہم اصل واقعے میں پزشکیان کے ہاتھ سے ایک خط یا دستاویز نیچے گر گئی تھی اور وہ اسے اٹھانے کے لیے جھکے تھے۔
فیکٹ چیک ادارے انڈیا ٹوڈے نے بھی وائرل دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ویڈیو کو غلط مفہوم کے ساتھ پیش کیا گیا۔ یعنی ویڈیو میں نظر آنے والا جھکاؤ مذہبی آشیرواد لینے کے لیے نہیں بلکہ نیچے گری ہوئی دستاویز اٹھانے کے عمل کا حصہ تھا۔ یہ معاملہ برکس 2026 اجلاس کے دوران سامنے آیا، جہاں پزشکیان نے بھارتی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں اور ایران و بھارت کے تعلقات، علاقائی استحکام اور تجارت پر بات چیت ہوئی۔




