لندن: برطانیہ کے آرمی فاؤنڈیشن کالج (AFC) ہیرگیٹ، جہاں 16 اور 17 سال کے نوجوان فوجی تربیت حاصل کرتے ہیں، ایک نئی تحقیق کے بعد شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ بی بی سی سے گفتگو میں چار سابق خاتون ریکروٹس نے ریپ، جنسی ہراسانی اور بدسلوکی کے سنگین الزامات عائد کیے۔
وزارتِ دفاع (MoD) کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2018 سے جون 2025 کے درمیان نامناسب جنسی رویے کی 176 شکایات موصول ہوئیں، جن میں 32 مستقل عملے اور 144 جونیئر فوجیوں کے خلاف تھیں۔ اسی عرصے میں پولیس کو کالج سے متعلق 16 جنسی جرائم کی رپورٹس بھی موصول ہوئیں، جن میں ریپ، جنسی حملہ، ووائرزم اور غیر اخلاقی حرکات کے الزامات شامل ہیں۔
برطانوی فوج نے ان الزامات کو “انتہائی تشویشناک” قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔




